31
کیف، روس کی جانب سے گزشتہ رات یوکرین پر اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ کیا گیا، جس میں 188 ڈرون استعمال کیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ روسی حملے میں یوکرین کے مغربی علاقے ترنوپل میں بجلی کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا جبکہ کیف میں رہائشی عمارتیں بھی متاثر ہوئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس نے مجموعی طور پر 188 ڈرونز سے حملہ کیا جن میں سے 76 ڈرونز یوکرینی فوج کی جانب سے تباہ کردیے گئے جبکہ 96 ڈرونز کا کچھ پتا نہ لگ سکا۔
یوکرینی فوج کے مطابق روس نے حملے میں خودکش ڈرونز سمیت کچھ نامعلوم ڈرونز بھی استعمال کیے، روس کی جانب سے یوکرینی دفاعی نظام کو ناکام بنانے کے لیے ڈمی ڈرونز بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔
دارالحکومت کیف پر حملہ آور ڈرونز میں سے 10 ڈرونز کو مار گرایا گیا جن کا ملبہ رہائشی عمارتوں پر گرا۔
یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔