کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو ان ایک کروڑ افراد کی بددعا لگ گئی جو روزگار کی امید لگائے بیٹھے تھے۔
گورنر سندھ سحری کے لیے کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے اور آتشبازی کے ساتھ کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کے دعوے کرنے والوں نے خود اپنی دیواریں مزید بلند کر دی تھیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ امریکی وزارت خارجہ کے سامنے جھکنے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے در پر جانے کے بجائے اللہ سے معافی مانگے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو ان ایک کروڑ بے روزگاروں کی بددعا لگ گئی جو نوکری کی امید رکھتے تھے، عوام کا کہنا ہے کہ انہیں امید عمران خان نے دلائی تھی۔
اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کامران ٹیسوری نے ایک رسمی گورنری کو حقیقی عوامی عہدہ بنا دیا ہے۔
اس دوران ایک خاتون نے گورنر سندھ کو اپنے شوہر کے مظالم کی داستان سنائی، جس پر انہوں نے خاتون کو انصاف کی یقین دہانی کرائی اور اس کے بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔