سعودی عرب جانے والے پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے پولیو ویکسین لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
سعودی عرب نے پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے پولیو ویکسین کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس حوالے سے سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (GACA) کی جانب سے باضابطہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ تمام زائرین سعودی عرب روانگی سے کم از کم 4 ہفتے قبل پولیو ویکسین حاصل کریں اور اس کا سرٹیفکیٹ اپنے ہمراہ رکھیں۔
وزارت مذہبی امور نے عمرہ زائرین، عمرہ آپریٹرز اور ایئرلائن دفاتر کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ روانگی کے وقت ویکسی نیشن کا عمل 6 ماہ سے زیادہ پرانا نہیں ہونا چاہیے، بصورت دیگر زائرین کو ایئرپورٹ یا سعودی عرب میں داخلے کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے افراد یا اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنانا اور عمرہ زائرین کو کسی بھی ممکنہ وبائی خطرے سے محفوظ رکھنا ہے۔
عمرہ زائرین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی روانگی سے پہلے پولیو ویکسینیشن کروائیں اور متعلقہ سرٹیفکیٹ لازمی ساتھ رکھیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔