جعلی ویڈیو کیس: صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کی درخواست نمٹا دی گئی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور ہائیکورٹ نے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو کے خلاف دائر درخواست کو ایف آئی اے کی رپورٹ کی بنیاد پر نمٹا دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی، جہاں وفاقی حکومت کے وکیل اسد باجوہ نے ایف آئی اے کی رپورٹ پیش کی۔

latest urdu news

وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مقدمہ درج ہو چکا ہے، 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اور ان کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرا دیا گیا ہے، جبکہ اشتہاری ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

عدالت نے ایف آئی اے کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے درخواست کو نمٹا دیا۔

یاد رہے کہ پنجاب کی وزیر اطلاعات، عظمیٰ بخاری، کے خلاف ایک جعلی اور نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی تھی، جس سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، اس واقعے کے بعد، عظمیٰ بخاری نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے تحقیقات کا آغاز کیا اور اس سلسلے میں مرکزی ملزمہ فلک جاوید کے مبینہ سہولت کار حیدر علی کو پشاور کی تحصیل مٹہ سے گرفتار کیا۔

مزید برآں، حکام نے ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوششیں کیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter