کراچی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ پاکستان خود مختار ملک ہے، کسی کو بھی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ سائفر لہرا کر کہا گیا امریکا میرے خلاف سازش کر رہا ہے، آج وہ چاہتے ہیں ان کو باہر نکالا جائے، پارا چنار کا واقعہ بیرونی سازش کا ایک اور ثبوت ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ آرمی چیف سرحدوں کی حفاظت کیساتھ معیشت کی بھی حفاظت کر رہے ہیں، انشاء اللہ پاکستان ضرور ترقی کرے گا۔
دوسری جانب زیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آپریشن گولڈ اسمتھ کے ریکروٹ سابق وزیراعظم عمران خان کی نجات کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد ایلچی رچرڈ گرینل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے لیے مغرب سے آواز اٹھانے والوں پر واضح ہونا چاہیے کہ پاکستانی قوم اپنے مفادات کا تحفظ کرنا جانتی ہے، ہماری اول و آخر ترجیح صرف اور صرف پاکستان ہے۔