وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، احسن اقبال نے ملک میں بے روزگار افراد کے اعداد و شمار قومی اسمبلی میں پیش کر دیے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بے روزگاری سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک میں بے روزگاری کی درست شرح جاننے کے لیے 2021 کے بعد کوئی سروے نہیں ہوا۔ 2021 کے سروے کے مطابق بے روزگاری کی شرح 6.3 فیصد تھی، جبکہ اس وقت بے روزگار افراد کی تعداد 45 لاکھ 10 ہزار تھی۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ ملک میں برسرِ روزگار افراد کی مجموعی تعداد 6 کروڑ 72 لاکھ ہے۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے قومی اسمبلی کا ہال پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس کے لیے مختص کرنے کی تجویز پیش کی، جسے منظوری دے دی گئی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہماری آفیشل سوشل میڈیا ٹیم سے جوڑا جا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جس انداز میں ہمارے نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا، وہ قابل مذمت ہے۔