پشاور، لکی مروت میں رات گئے نامعلوم افراد کیجانب سے ککہ خیل کے قریب سوئی گیس ایس ایم ایس کو دھماکے سے اڑا دیا گیا۔
پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شرپسند عناصر کی جانب سے رات گئے دہشت گردانہ کارروائیاں کی گئیں۔ لکی مروت کے علاقے ککہ خیل کے قریب نامعلوم افراد نے سوئی گیس ایس ایم ایس کو دھماکے سے تباہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق بظاہر نقصان زیادہ نہیں ہے، تاہم محکمہ گیس کی ٹیم کے معائنے کے بعد مکمل نقصانات کا اندازہ ہوگا۔
دوسری جانب بنوں کے تھانہ ہوید کی حدود میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کی زیر تعمیر عمارت میں نامعلوم شرپسندوں نے ہینڈ گرنیڈ پھینکا، تاہم ہینڈ گرنیڈ پھٹنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ یہ اسکول سابق امیدوار قومی اسمبلی مفتی انعام اللہ کی ملکیت ہے، جن سے پہلے بھتے کا مطالبہ کیا جا چکا ہے۔
علاوہ ازیں، پشاور کے علاقے گلبہار نمبر 4 میں ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، جس سے گھر کو جزوی نقصان پہنچا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور دستی بم پھینکنے کے بعد فرار ہو گئے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔