فیک اکاؤنٹس کا ہماری سوشل میڈیا ٹیم سے کوئی تعلق نہیں، وقاص اکرم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہماری آفیشل سوشل میڈیا ٹیم سے جوڑا جا رہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جس انداز میں ہمارے نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا، وہ قابل مذمت ہے۔ آپ نے آئین اور قانون کا مذاق بنا رکھا ہے۔

latest urdu news

نوجوانوں کے ساتھ زبردستی کرکے انہیں دباؤ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر وہ اپنے حقوق سے بخوبی واقف ہیں، یہی نوجوان ہیں جنہوں نے بانی کا پیغام ہر گھر تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ جو افراد آپ کے ایجنڈے کے مطابق نہیں چلتے، انہیں انتشار پھیلانے یا دشمن ملک کے ساتھ جوڑنے کی کوشش نہ کریں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ لاپتا نوجوانوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے، کیونکہ یہ ملک کا مستقبل ہیں، دہشت گردی جیسے اہم مسائل سے نمٹنے کے بجائے آپ قوم کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔

وقاص اکرم نے کہا کہ جب پوری قوم متحد ہوکر اداروں کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے تو دشمن کے خلاف زیادہ اعتماد کے ساتھ مقابلہ کیا جاسکتا ہے، یہ حکومت جعلی ہے اور ہم ملک کو تباہ ہونے نہیں دیں گے، قوم کے نوجوانوں کے خلاف کارروائیاں بند کی جائیں اور اپنی نیت کو اپنے عمل سے ثابت کریں کہ آپ عوام کو متحد کرنا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پوسٹس کرنے والے کم عمر لڑکوں کو اٹھایا جا رہا ہے، ان میں سے 5 افراد کا تاحال کوئی سراغ نہیں ملا، جن میں ہماری سوشل میڈیا ٹیم کے کچھ اراکین بھی شامل ہیں، میرے خلاف بھی درجنوں جھوٹے مقدمات درج کیے جاچکے ہیں، یہ جھوٹی ایف آئی آرز درج کرانے میں ماہر ہیں۔

وقاص اکرم نے کہا کہ ہم ایک وسیع اپوزیشن اتحاد قائم کرنے کے خواہاں ہیں، ہمارے وفود جماعت اسلامی اور کراچی میں جی ڈی اے سے ملاقات کرچکے ہیں، عید کے بعد ہم گرینڈ الائنس کی صورت میں احتجاج کریں گے، کیونکہ پُرامن احتجاج ہمارا آئینی حق ہے، ہمیں عمران خان سے ملنے نہیں دیا جا رہا، تاہم مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد صورتحال پہلے سے بہتر ہوئی ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter