پشاور، پی ٹی آئی کے پی کے صدر اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین جنید اکبر کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں حکومت کو ووٹ دینے کے لیے انہیں 75 کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی تھی۔
ایک بیان میں صدر پی ٹی آئی پختونخوا جنید اکبر کا کہنا ہے کہ پارٹی میں گدھے اور گھوڑوں کو ایک ساتھ نہیں رکھوں گا، جو ڈیلیور کرے گا وہ پارٹی میں ہوگا اور میں ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہوں۔
جنید اکبر کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں حکومت کو ووٹ دینے کے لیے مجھے 75 کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی تھی۔
یاد رہے گزشتہ روز مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں جنید اکبر نے کہا کہ سیاسی کارکن ہوں، سیاسی نوکر نہیں، غلط کو غلط اور ٹھیک کو ٹھیک کہہ سکتا ہوں۔
جنید اکبر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی بات نہ مانی تو صدارت چھوڑ دوں گا، چوروں کو پارٹی میں برداشت نہیں کریں گے، سیاست کو کاروبار نہیں بنائیں گے، ہر کارکن کی رپورٹ بانی پی ٹی آئی تک پہنچاؤں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہی سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹا کر جنید اکبر خان کو ذمہ داری دی ہے۔