واشنگٹن، پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں نیا موڑ آگیا، امریکہ نے پاکستان کی امداد بند کرنے کی تصدیق کردی، امداد بند ہونے سے کئی منصوبے رک گئے۔
امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ازسر نو جائزے تک پاکستان کی امداد بند رہے گی۔
امریکی اقدام سے توانائی سیکٹر میں 5 منصوبوں پر کام ٹھپ ہوگیا، اقتصادی نمو سے متعلق 4 اور زراعت کے شعبے میں 5 پروگرامز متاثر ہوئے، جمہوریت، انسانی حقوق اور گورننس سے متعلق بھی فنڈز عارضی طور پر روک دیئے گئے۔
امریکا کے اس اقدام سے گورننس کے 11، تعلیم کے 4 اور صحت کے شعبے میں بھی 4 پروگراموں پر اثر پڑا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ دنوں تمام غیر ملکی پروگرامز عارضی طور پر معطل کر دیئے گئے تھے، امدادی پروگرامز ابتدائی طور پر 90 روز کیلئے معطل کئے گئے ہیں، امریکی حکام ازسرنو جائزے کے بعد پروگراموں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے دھمکی دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی جاری ہے اور جن ممالک سے وہ آئے ہیں انہیں واپس لینا پڑیں گے۔