لاہور، جامعہ نعیمیہ کے دارالافتاء کی جانب سے ڈنکی لگا کر بیرون ملک جانے والوں کیلئے فتویٰ جاری کردیا گیا۔
دارالافتاء کی جانب سے جاری فتویٰ میں بتایا گیا ہے کہ ڈنکی لگا کر بیرون ملک جانا قانونی اور شرعی لحاظ سے جائز نہیں لہٰذا بیرون ملک جانیوالے افراد قانونی طریقے اور محفوظ راستے اختیار کریں۔
فتوے کے مطابق غیر قانونی کام کے پیسے لینا ایجنٹ حضرات کے لیے بھی جائز نہیں، حکومت انسانی جانوں کے دشمن ایجنٹوں کے حوالے سے قانون سازی کرے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو افریقی ملک موریطانیہ سے غیرقانونی طور پر اسپین جانے والوں کی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن ہلاک ہوگئے۔
86 تارکین وطن کی کشتی 2 جنوری کو موریطانیہ سے روانہ ہوئی تھی، کشتی میں کل 66 پاکستانی سوار تھے تاہم کشتی حادثے میں 36 افرادکو بچالیا گیا ہے۔
کشتی حادثے میں جان کی بازی ہار نے والے 44 پاکستانیوں میں سے 12 نوجوان گجرات کے رہائشی تھے، انکے علاوہ سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین کے افراد بھی کشتی میں موجود تھے۔