راولپنڈی ، تھانہ روات کے علاقے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک باپ نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی 16 سالہ بیٹی کو صرف اس لیے قتل کر دیا کہ اس نے ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے سے انکار کر دیا تھا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ڈھوک چوہدریاں، داخلی تخت پڑی، تھانہ روات کی حدود میں رہائش پذیر اخلاق احمد نے اپنی بیٹی مہک شہزادی کو بارہا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بند کرنے کا کہا، لیکن جب لڑکی نے انکار کیا تو باپ نے شدید غصے میں آ کر اس پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گئی۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
ابتدائی طور پر اہل خانہ کی جانب سے واقعے کو خودکشی قرار دینے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس کو اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا گیا اور مشکوک صورتحال کے باعث نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیشی شواہد سے یہ بات سامنے آئی کہ لڑکی کو قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے قتل کی دفعات اور "فساد فی الارض” کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ ملزم کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گھر والوں کی جانب سے معاملے کو چھپانے کی کوشش قابل مذمت ہے اور قانون کے مطابق تمام کرداروں کو شامل تفتیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات ایک سنگین سماجی مسئلہ ہیں، جن میں اکثر خواتین نشانہ بنتی ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اس رجحان کے خلاف سخت قوانین اور ان پر مؤثر عمل درآمد کا مطالبہ کرتی رہی ہیں، تاہم ان واقعات میں اب بھی تشویشناک حد تک تسلسل دیکھا جا رہا ہے۔