لاہور، نائب امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ حکومت خود تذبذب اور مخمصے کا شکار ہے، اتحادی حکومت کی اندرونی کشمکش عدم استحکام بڑھا رہی ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ تمام محبِ وطن افراد سیاسی بحران کے حل کے لیے مذاکرات چاہتے ہیں۔ اتحادی حکومت کی اندرونی کشمکش عدم استحکام بڑھا رہی ہے، حکمران سیاسی عزائم کے لیے 73ء کے آئین میں ترمیم کرتے ہیں۔
لیاقت بلوچ کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ ضلع کرم کے راستے کھولے جائیں، عوام کی جانوں کا تحفظ کیا جائے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ یا کسی ملک کے کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ عدلیہ کا مذاق بنایا گیا ہے، میں ہر کیس لڑوں گا۔
جب کیسز لڑ رہا ہوں تو مجھے ڈیل کرنے کی کیا ضرورت ہے، اسٹیبلشمنٹ یا کسی کے کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا۔