جامشورو، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کوہ ہمالیہ کا پگھلنا نئی نسل کیلئے خطرہ ہے، جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔
سندھ یونیورسٹی جامشورو کے کانووکیشن سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو نےکہا کہ ماضی میں ہمارے بڑوں نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کو اس انداز میں نہیں سمجھا، جس طرح سمجھا جانا چاہیے تھا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ دنیا میں سب سے بڑا مسئلہ موسمیاتی تبدیلی ہے، یہ ہماری آنے والی نسلوں کے لیے جتنا بڑا خطرہ ہے، شاید یہ ماضی میں نہیں تھا، حال ہی میں آنے والے سیلاب سے اس کی مثال کو سمجھا جاسکتا ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمارے پہاڑوں پر موجود برف پگھل جائے گی تو ہماری نئی نسلوں کے لیے خطرہ یہ ہوگا کہ ہم تاریخی سیلابوں کا سامنا کرتے رہیں گے، کوہ ہمالیہ جو ہمیں صدیوں سے دریائے سندھ کے ذریعے پانی پہنچا رہا ہے، وہ پگھل جائے گا تو بہت بڑا خطرہ ہمارے سامنے کھڑا ہوگا، پاکستان اس خطرے سے نمٹنے اور ادراک کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہاں موجود طلبہ اور ان کے ساتھی اس حوالے سے جنگی بنیاد پر تیاری کریں، گلگت بلتستان سے لیکر دریائے سندھ کے آخری سرے تک ہمیں کام کرنا ہوگا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) بنانے والے 60 سے 70 سال کی عمر کے ’بابے‘ ہیں، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کیا وہ لوگ آئندہ 10 سال بعد کا سوچ رہے ہیں؟ وہ ایسا نہیں سوچ رہے، یہ لوگ صرف آنے والے بجٹ کے اعداد و شمار کے مطابق منصوبے بناتے ہیں، تاکہ بجٹ کو کھپا دیا جائے۔