اس وقت دنیا کو موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی آلودگی کا سامنا ہے ایسے میں ایک ملک نے تازہ اور خالص ہوا فروخت کے لیے پیش کر دی ہے۔
دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی اور آلودگی کی شدت میں اضافے کے باعث صاف اور خالص ہوا نایاب ہوتی جا رہی ہے، جس سے لوگوں کو صحت کے مسائل کا سامنا ہے۔ ایسے وقت میں اٹلی کی ایک کمپنی، ItalyComunica، نے لوگوں کو جھیل کومو کی تازہ اور قدرتی ہوا سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔ ItalyComunica نے یہ منفرد اقدام کیا ہے کہ جھیل کومو، جو کہ اٹلی کا ایک مشہور سیاحتی مقام ہے، کی خالص ہوا کو 400 ملی لیٹر کے کین میں بند کرکے فروخت کے لیے پیش کر دیا ہے۔ ہر کین کی قیمت 11 ڈالر مقرر کی گئی ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ 100% تصدیق شدہ تازہ اور قدرتی ہوا ہے۔
جھیل کومو ایک نہایت خوبصورت مقام ہے جس کی دلکشی اور شاندار مناظر نے اسے سیاحوں میں بے حد مقبول بنا دیا ہے۔ مشہور شخصیات کی رہائش گاہوں اور Casino Royale اور House of Gucci جیسی فلموں کی عکس بندی کی وجہ سے بھی یہ جگہ خاص شہرت رکھتی ہے۔ لومبارڈی ٹورازم بیورو کے مطابق 2023 میں 5.6 ملین سے زائد سیاحوں نے جھیل کومو کا دورہ کیا۔
ItalyComunica کے مارکیٹنگ ماہر ڈیوڈ ابگنل نے جھیل کومو کی اس مقبولیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے نہ صرف جھیل کومو کے پوسٹرز بلکہ اس کی تازہ ہوا کو بھی ایک منفرد ای کامرس سائٹ کے ذریعے فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ یہ کین آن لائن دستیاب ہیں، جو کہ لوگ بطور یادگار بھی خرید سکتے ہیں۔ یہ تازہ ہوا ایک دلچسپ تحفے کے طور پر دنیا بھر میں لوگوں کو جھیل کومو کی قدرتی خوبصورتی کی یاد دلاتی ہے۔