لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ کی بات کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ آج ایک تاریخی منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا اور پوری ٹیم نے بہت محنت سے کام کیا، چند مہینے کے اندر پورے پنجاب میں صفائی کا مربوط نظام بنایا گیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے دور میں پنجاب میں بہت ترقی ہوئی تھی اور اب دوبارہ سے پنجاب میں بہتری آنا شروع ہوئی ہے، پنجاب کو صاف ستھرا رکھنا صرف حکومت کا کام نہیں بلکہ ہماری ذمہ داری ہے کہ پنجاب کی ہر گلی ہر محلہ صاف ہو۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ 2018 میں شہباز شریف پنجاب کو مؤثر حالت میں چھوڑ کر گئے لیکن جب میں نے وزارت اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا تو وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا ترقی کرتا صوبہ نہیں ملا، تاہم اب پنجاب کے شہروں اور گاؤں میں یکساں صفائی ہو گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیاسی گند کو پنجاب اور پاکستان کی سیاست سے صاف کرنا ہے اور پی ٹی آئی کی جانب سے بار بار کال دی گئی تو کوئی پنجاب سے نہیں نکلا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جلاؤ گھیراؤ کی بات کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی جبکہ سلمان اکرم راجہ نے کہا صوبائی دارالحکومت لاہور کی سڑکوں پر ہوں کسی کو جمع نہیں ہونے دیا جا رہا، جب کوئی باہر نکلا ہی نہیں تو کوئی نظر کیسے آتا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب لوگوں کو کوئی پریشانی نہیں تو کیوں باہر نکلیں گے؟ ہم نے بھی جلسے اور جلوس کیے مگر کوئی گملہ نہیں توڑا، میں نے 4 سال سڑکوں پر لوگوں کے ساتھ گزارے ہیں اور تحریک انصاف کی ہر کال بری طرح پٹ گئی۔