انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ جن کی ایما پر یہ سب کچھ ہو رہا ہے ان کو فوری گرفتار کریں گے اور شرپسندوں سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو فوری خالی کروانا ہے۔
آئی جی اسلام آباد کی جانب سے پولیس افسران اور اہلکاروں سے خطاب کیا گیا اور ان کا حوصلہ بلند کیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے حکم پر ہر صورت میں عمل کروانا ہے، شرپسندوں سے اسلام آباد کو فوری خالی کروانا ہے۔
آئی جی اسلام آباد کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ کسی شرپسند کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے، قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ جن کی ایما پر یہ سب کچھ ہو رہا ہے ان کو فوری گرفتار کریں گے، شرپسندوں کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کی گئی، ہمارے کئی جوان زخمی ہیں، احتجاج کی آڑ میں غیر ملکی شرپسند عناصر جھتے میں موجود ہیں، غیر ملکی شرپسندوں کی نشاندہی کرکے ان کا قلع قمع کرنا ہے۔
علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ ڈی چوک پر پولیس کے تازہ دم دستے بھجوا دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا سے آنے والے تحریک انصاف کے قافلوں کے شرکا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی مختلف مقامات پر پولیس سے جھڑپیں جاری ہیں۔