لاہور، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے عاقب جاوید کو عبوری مدت کے لیے وائٹ بال کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سینئر ممبر اور سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کو چمپیئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد تک عبوری مدت کیلئے وائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق اس دوران مستقل ہیڈ کوچ کی سلیکشن کا عمل بھی شروع کردیا جائے گا جو چیمپئنز ٹرافی کے اختتام تک مکمل ہو جائے گا۔
چیمپئنز ٹرافی کے بعد عاقب جاوید کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں ممبر سلیکشن کمیٹی کے علاوہ اضافی ذمہ داری بھی تفویض کی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے اپنی تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور اس متعلق حکومت پاکستان کی جانب سے بھی بڑی تعداد میں بھارتی فینز کو ویزا دینے کی تیاری مکمل کر لی گئی۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچز دیکھنے والے فینز کو بڑی تعداد میں ویزے دیے جائیں گے اور انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا جائے گا۔