چیمپئنز ٹرافی 2025: بھارت کا پاکستان میں شرکت سے انکار، ہائبرڈ ماڈل کی پیشکش

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو پیشکش کی کہ ایونٹ ہائبرڈ ماڈل پر کرادیں اس کا نقصان ہم پورا کردیں گے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان میں شرکت نہ کرنے کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو مالی معاوضے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایونٹ کو ہائبرڈ ماڈل پر منعقد کیا جائے، اور اس سے ہونے والے نقصانات کو بھارتی بورڈ پورا کر دے گا۔

latest urdu news

بھارت کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کے بعد، آئی سی سی نے بھارتی بورڈ سے تحریری طور پر وضاحت طلب کی تھی۔ آئی سی سی نے اپنے خط میں کہا کہ اگر بھارتی ٹیم ایونٹ میں شریک نہ ہوئی تو اس سے 50 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہوگا۔ جواب میں بی سی سی آئی نے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز دیتے ہوئے لکھا کہ "مالی نقصان کا ازالہ ہم کریں گے۔”

تاہم، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پہلے ہی اس ماڈل کو مسترد کر چکا ہے۔ پی سی بی نے حالیہ خط میں حکومتِ پاکستان کے سخت مؤقف سے آئی سی سی کو آگاہ کر دیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول 19 فروری سے 19 مارچ کے درمیان پاکستان کے تین بڑے شہروں، کراچی، لاہور، اور راولپنڈی میں ہوگا۔ تاہم، پاک-بھارت تعلقات کی کشیدگی ایونٹ کے انعقاد کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔

آئی سی سی کو معاہدے کے تحت 20 نومبر تک ایونٹ کا شیڈول جاری کرنا ہے، بصورت دیگر قانونی چارہ جوئی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ کمرشل پارٹنرز بھی تاخیر سے متاثر ہو سکتے ہیں، کیونکہ انہیں اپنی مارکیٹنگ مہم کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔

پاکستان 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کا دفاع کرے گا، جو اس نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔ پاکستان کو 1996 کے ورلڈکپ اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پہلی بار ایک بڑے بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی ملی ہے۔

بھارت نے 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، اور دونوں ممالک کے درمیان 2013 کے بعد کوئی دو طرفہ سیریز نہیں ہوئی۔ گزشتہ سال ایشیا کپ کے دوران بھی بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کیا تھا، جس کے بعد ایونٹ ہائبرڈ ماڈل پر منعقد ہوا تھا۔

یہ صورتحال ایک مرتبہ پھر چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا رہی ہے، اور آئی سی سی کو جلد کوئی فیصلہ لینا ہوگا۔

News Alert Urdu

شیئر کریں:
frontpage hit counter