پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے شادی کے بارے میں اپنا ارادہ بتا دیا۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنی شادی کے حوالے سے مداحوں کو واضح پیغام دیا کہ ان کا ابھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ہانیہ، جو ان دنوں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں موجود ہیں، اپنے مداحوں سے ملنے ایک تقریب میں شریک ہوئیں جہاں ان سے ان کے کیریئر اور ذاتی زندگی کے بارے میں سوالات کیے گئے۔
شادی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ہانیہ نے کہا کہ وہ ایک عام اور سادہ زندگی گزارنے والی لڑکی ہیں، اور جب بھی شادی کریں گی تو اس کا اعلان سب کے سامنے کریں گی اور کچھ بھی خفیہ نہیں ہوگا۔
مزید برآں، محبت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرحدیں اور پابندیاں لوگوں کو جدا نہیں کر سکتیں؛ جب دل کی گہرائی سے کسی کو چاہا جائے تو کوئی بھی رکاوٹ راستے میں حائل نہیں ہو سکتی۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر نے اپنے شوبز سفر کا آغاز ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ڈب اسمیش سے کیا اور اپنی خوبصورتی اور معصومیت کی بدولت مقبولیت حاصل کی۔ بعدازاں، انہوں نے فلم ’جانان‘ کے ذریعے انڈسٹری میں قدم رکھا اور آج پاکستانی ڈراموں اور فلموں کا جانا مانا چہرہ ہیں۔