ایئرچیف کی نائب روسی وزیر دفاع سے ملاقات، فوجی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی جانب سے روس کے نائب وزیر دفاع الیگزینڈر وی فومن سے ملاقات کی گئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور صنعتی تعاون کو بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ روسی نائب وزیر دفاع کی قیادت میں وفد کی جانب سے ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا گیا۔
خصوصی ملاقات میں مشترکہ فوجی مشقوں اور تکنیکی معاونت کے ذریعے تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے نئی راہیں تلاش کرنے پر بھی بات ہوئی۔
ایئرچیف کی جانب سے روس کیساتھ فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تعاون پر مبنی تربیتی پروگرامز اور صنعتی تعاون کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
روسی نائب وزیر دفاع کی جانب سے پاک فضائیہ کی موجودہ پیشرفت کو سراہتے ہوئے ملٹری ٹو ملٹری تعاون اور باہمی دفاعی شراکت داری کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔