گجرات: پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح آج گورنمنٹ میٹرنٹی ہسپتال فوارہ چوک میں ہوا جہاں ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے ننھے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر اس مہم کا آغاز کیا۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کے ہمراہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ذاکر علی رانا اور ڈی ایچ او ڈاکٹر غمخوار حسین شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ضلع گجرات میں یہ مہم 28 اکتوبر سے 30 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
جبکہ 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو دو روزہ فالو اپ مہم ہوگی۔ اس دوران 5 لاکھ 14 ہزار 982 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں کیونکہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے اور اس سے بچاؤ کا واحد حل پولیو ویکسین ہے۔
اس مہم میں 5156 اہلکار شامل ہوں گے، جن میں 2208 موبائل ٹیمیں، 122 فکسڈ ٹیمیں اور 33 ٹرانزنٹ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں تاکہ مہم کامیابی سے مکمل ہو سکے۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے اس موقع پر زور دیا کہ اس مہم کے دوران تمام سرکاری محکمے اور عوام اپنا بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔