پی ٹی اے اور ایف آئی اے کے چھاپے میں برطانوی سمز فروخت کرنے والے افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مشترکہ کارروائی کے دوران برطانوی سم کارڈز کی غیر قانونی فروخت میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
پی ٹی اے زونل آفس گلگت اور ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے گلگت کے علاقے دنیور میں چھاپا مار کر چھ برطانوی سم کارڈز برآمد کیے اور دو افراد کو حراست میں لے لیا۔
ایف آئی اے نے غیر قانونی غیر ملکی سم نیٹ ورک کے خلاف مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اس کاروبار میں ملوث دیگر عناصر کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔ پی ٹی اے کے مطابق، یہ کارروائی غیر قانونی سم کارڈز کی فروخت کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے، جو قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ ملک میں ایک محفوظ اور مستحکم ڈیجیٹل ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ٹیلی کام قوانین کی پاسداری اور صارفین کو غیر قانونی سم کارڈز کے ممکنہ غلط استعمال سے بچانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔