لاہور، رہنما مسلم لیگ ن بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج کے نام پر انتشار پھیلاتی ہے، پی ٹی آئی کو آئین اور قانون سے ہٹ کر کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) بیرسٹر عقیل ملک نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کی پریس کانفرنس مضحکہ خیز ہے، 10 نکاتی ایجنڈے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان کو ریلیف ملے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو آئین اور قانون سے ہٹ کر کوئی ریلیف نہیں ملے گا، پی ٹی آئی اجازت کے بغیر احتجاج کرتی ہے، دفعہ 144 عوام کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے نافذ کی جاتی ہے۔
بیرسٹر عقیل کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج کے نام پر انتشار پھیلاتی ہے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ احتجاج کے دوران قانون کو ہاتھ میں لیا، جب آپ قانون توڑیں گے تو قانون حرکت میں آئے گا، اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
دوسری جانب وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کیس اسائنمنٹ اینڈ مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایسا نظام متعارف کرایا ہے، جس سے بدعنوانی کی نذر ہونے والا پیسہ دوبارہ خزانے میں آئے گا، بدعنوان عناصر سے ایک ایک پائی وصول کرکے عوامی فلاح پر خرچ کریں گے۔