جمعہ, 25 اپریل , 2025

ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار کب بڑھے گی؟ قومی اسمبلی میں وضاحت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں انٹرنیٹ کی سست روی پر بحث کے دوران پارلیمانی سیکرٹری برائے آئی ٹی سبین غوری نے وضاحت دی کہ رواں سال کے وسط تک ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں بہتری آئے گی، جبکہ اسی سال فائیو جی ٹیکنالوجی بھی متعارف کروا دی جائے گی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفی کی صدارت میں ہوا، جس میں وقفۂ سوالات کے دوران انٹرنیٹ کی کم رفتار کا مسئلہ زیر بحث آیا۔ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی آغا رفیع اللہ نے شکایت کی کہ ملک میں انٹرنیٹ کی حالت ابتر ہے، یہاں تک کہ کوئی ویڈیو تک ڈاؤن لوڈ نہیں ہوتی۔ اسی دوران رکن اسمبلی شگفتہ جمانی نے بلاول بھٹو کے اس بیان کا حوالہ دیا کہ "پتہ نہیں کون سی مچھلی ہے جو صرف پاکستان کی انٹرنیٹ کیبل ہی کاٹتی ہے۔”

latest urdu news

سبین غوری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، "یہ حقیقت ہے کہ کوئی نہ کوئی مچھلی ضرور ہے جو انٹرنیٹ کیبل کاٹ جاتی ہے، مگر کون سی مچھلی ہے، یہ ہمیں بھی معلوم نہیں!” تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ انٹرنیٹ کی سست رفتاری کی کئی تکنیکی وجوہات ہیں، جن پر حکومت کام کر رہی ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا کہ حکومت انٹرنیٹ کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اور اس سال کے وسط تک فائیو جی لانچ کردیا جائے گا۔ اس سے نہ صرف انٹرنیٹ کی رفتار میں تیزی آئے گی بلکہ جدید ڈیجیٹل سہولتوں میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

قومی اسمبلی میں ہونے والی اس بحث کے بعد صارفین اب اس انتظار میں ہیں کہ کیا واقعی حکومت مقررہ وقت پر فائیو جی سروس فراہم کرے گی یا پھر یہ معاملہ بھی تاخیر کا شکار ہو جائے گا؟

شیئر کریں:
frontpage hit counter