مظفرآباد، وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری جبر و استبداد کا نوٹس لیا جائے۔
یہ بات انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور، دیگر وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں آئی جی پولیس نے امن و امان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ 29ویں کابینہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔
وزیراعظم چودھری انوارالحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت ریاست میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح مستعد ہے، عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے، جبکہ تعلیم اور صحت بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں، ان کے شہداء کو ہم خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک قلم و اختیار موجود ہے، عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے، اجلاس کے اختتام پر کابینہ نے وزیراعظم چودھری انوارالحق پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیاست سے وقتی کنارہ کشی اختیار کی ہوئی ہے، تاہم وقت آنے پر دوبارہ میدان میں قدم رکھیں گے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سیاست میں وقت کا تعین بہت اہم ہوتا ہے۔ ’’میں نے سیاسی روزہ رکھا ہوا ہے، اور جانتا ہوں کہ اسے کب کھولنا ہے۔‘‘