جمعہ, 25 اپریل , 2025

مستقبل مریم نواز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

تحریر: عظمیٰ زاہد بخاری

اکثر ہمیں یہ سننے کو ملتا ہے کہ بیٹا بڑا ہوکر باپ کا نام روشن کرے گا، لیکن وقت بدل چکا ہے۔ آج بیٹیاں بھی ہر میدان میں نمایاں کارکردگی دکھا کر اپنے والدین کا نام روشن کر رہی ہیں۔

latest urdu news

مریم نواز کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے بعد، پنجاب کی بیٹیوں میں ایک نیا جوش و ولولہ پیدا ہوا ہے۔ ان کی کامیابی محض قسمت کی دین نہیں، بلکہ اس کے پیچھے برسوں کی انتھک محنت، جدوجہد اور بے شمار مشکلات کا سامنا کرنے کی داستان ہے۔

مریم نواز کو وزارتِ اعلیٰ وراثت میں نہیں ملی، نہ ہی ان کی مقبولیت کسی کی مرہونِ منت ہے۔ وہ ایک بہادر بیٹی ہونے کے ناتے اپنے والد، میاں نواز شریف کے ساتھ دو بار بے گناہ جیل کاٹ چکی ہیں۔ اس دوران انہیں شدید ذہنی و جسمانی اذیتوں کا سامنا بھی کرنا پڑا، لیکن انہوں نے حوصلہ نہیں ہارا۔ میڈیا ٹرائل اور کردار کشی کے باوجود وہ اپنے والد کے ساتھ ثابت قدم رہیں۔ اللہ نے ان کی استقامت کا صلہ انہیں پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بنا کر دیا۔ عوام نے انہیں تاریخ کے سب سے بڑے مینڈیٹ سے نوازا۔

مریم نواز نے کبھی کوئی سیاسی، انتظامی یا ریاستی عہدہ نہیں سنبھالا تھا، لیکن ان کی حکمرانی کی صلاحیتوں نے سب کو حیران کر دیا۔ ایک سال کے اندر انہوں نے ایسے انقلابی اقدامات کیے جو ماضی کے تجربہ کار حکمران بھی نہ کر سکے۔ 90 سے زائد عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کیے گئے، جن میں سے 50 سے زائد مکمل ہو چکے ہیں۔ ان میں "اپنی چھت اپنا گھر”، الیکٹرک بائیکس، الیکٹرک بسیں، آسان کاروبار پروگرام، 400 ارب روپے کا کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر، مفت ادویات، ستھرا پنجاب پروگرام، نواز شریف کینسر اسپتال لاہور اور سرگودھا میں کارڈیالوجی اسپتال کا قیام شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا جلسے سے خطاب: عوامی خدمت اور ترقی کے عزم کا اعادہ

مریم نواز نے ثابت کر دیا کہ وہ صرف ایک کامیاب سیاستدان ہی نہیں بلکہ ایک بہترین منتظم بھی ہیں۔ ایک سال کے اندر ہی پنجاب حکومت نے اپنی پانچ سالہ ترجیحات واضح کر دی ہیں۔ 2024ء کا سال دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کے لیے بھی چیلنجز سے بھرا تھا، لیکن 2025ء ترقی کا سال ثابت ہوگا۔

مریم نواز کی قیادت کا انداز منفرد اور عملی ہے۔ وہ عوام کی نفسیات کو سمجھتی ہیں اور ان کے مسائل کے عملی حل پر توجہ دیتی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ سیاست محض تنقید برائے تنقید کا نام نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے۔ آج دیگر صوبوں کے عوام بھی خواہش کرتے ہیں کہ ان کا وزیراعلیٰ بھی مریم نواز جیسا ہو۔

سیاست کو خدمت میں تبدیل کرنے کا فن مریم نواز نے اپنے والد، میاں نواز شریف سے سیکھا ہے۔ نواز شریف وہ رہنما ہیں جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، سی پیک جیسا میگا پراجیکٹ شروع کیا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ آج بھی دنیا کے بڑے ممالک انہیں ایک عظیم لیڈر کے طور پر مانتے ہیں۔

محض ایک سال میں مریم نواز نے عالمی سطح پر بھی اپنی پہچان بنائی ہے۔ چین کے دورے کے دوران وہاں کی کمیونسٹ پارٹی کے ڈائریکٹر نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ مریم نواز میں پاکستان کی ایک بڑی لیڈر دیکھ رہے ہیں۔

کے پی اور سندھ میں مریم نواز کو فالو کیا جا رہا ہے: عظمیٰ بخاری

اصل قیادت صرف زبانی دعوؤں اور جوشیلی تقریروں سے نہیں بنتی، بلکہ ملک و قوم کی حقیقی خدمت سے پروان چڑھتی ہے۔ اگر مریم نواز آئندہ پانچ سال تک اسی عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرتی رہیں تو پنجاب میں انتشار پھیلانے والی سیاست کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ مستقبل میں مریم نواز پاکستان کی دوسری خاتون وزیراعظم بن کر عالمی سطح پر ملک کو ایک نئی پہچان دلائیں گی۔ کیونکہ پاکستان کا مستقبل، مریم نواز ہیں!

شیئر کریں:
frontpage hit counter