اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا ہے کہ مائنز اینڈ منرلز بل بانی تحریک انصاف کی منظوری کے بغیر منظور نہیں کیا جائے گا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عاطف خان پارٹی کے سینئر رہنما ہیں اور تحریک انصاف کی کور اور سیاسی کمیٹیوں سے کسی کو نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز بل پر بات کرنا اس وقت بے معنی ہے، چاہے یہ بل پانچ سال تک التوا میں رہے، جب تک بانی تحریک انصاف کی منظوری نہیں ملتی، یہ بل منظور نہیں کیا جاسکتا، یہ فیصلہ نہ صرف صوبائی حکومت بلکہ کابینہ کا بھی ہے۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ فی الوقت اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ پس پردہ کوئی رابطہ یا بات چیت نہیں ہو رہی، جبکہ مولانا فضل الرحمان کو آج اپنا جواب دینا ہے۔
یاد رہے کہ مائنز اینڈ منرلز بل کی منظوری اس لیے نہایت اہم ہے کیونکہ یہ بل ملک کے قیمتی معدنی وسائل کے تحفظ، ان کے شفاف استعمال، اور قانونی نظم و نسق کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
اس کی منظوری سے صوبائی حکومتوں کو اپنے وسائل پر خودمختار فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، جس سے 18ویں آئینی ترمیم کے بعد طے شدہ اختیارات کو تقویت ملے گی، یہ قانون ملکی معیشت کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے، کیونکہ معدنیات کی باقاعدہ تلاش اور نکاسی سے زرمبادلہ حاصل ہوگا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکے گا۔
مزید برآں، اگر بل میں مقامی آبادی کے مفادات اور ماحولیاتی تحفظ کو شامل کیا جائے تو اس سے عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا اور سیاسی استحکام پیدا ہوگا۔