فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب سے فلسطینی قیادت کے ساتھ غزہ پٹی جانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ترکیہ کی پارلیمان کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں صدر محمود عباس کا یہ کہنا تھا کہ تمام فلسطینی قیادت کیساتھ غزہ پٹی جاؤں گا اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ فلسطینوں کے خلاف جاری جارحیت روکنے کیلئے کام کروں گا۔
فلسطینی صدر کا یہ کہنا تھا کہ چاہے ہماری جانیں چلی جائیں ہم یہ کام کریں گے، ہماری جانیں پیارے غزہ کے بچوں کی جانوں سے قیمتی نہیں ہیں، ہم فتح یا شہادت دونوں کیلئے پُرعزم ہیں، اسرائیلی حملوں کے باوجود فلسطینی عوام ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں۔
محمود عباس کا کہنا تھا کہ پورے کا پورا غزہ ہمارا ہے، ہم ایسا کوئی حل قبول نہیں کریں گے جو ہمارے علاقوں کو تقسیم کرے، غزہ کے بغیر کوئی فلسطینی اسٹیٹ نہیں بنے گی، ہمارے لوگ کسی صورت میں سرینڈر نہیں کریں گے۔
یاد رہے کہ فلسطینی صدر محمود عباس نے روس کے دورے میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے بعد گزشتہ روز ترکیہ میں ترک صدر اردوان سے بھی ملاقات کی، جبکہ صدر اردوان پارلیمنٹ میں ان کے خطاب کے دوران بھی موجود رہے۔