سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر اڈیالہ جیل حکام کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا گیا۔
اسلام آباد، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر اڈیالہ جیل حکام کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اخبار، ٹی وی کی سہولت بحالی، بیٹوں سے ٹیلیفونک گفتگو اور ذاتی معالج سے چیک اپ کے لئے دائر کردہ درخواست پر سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل فیصل فرید چودھری عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ متفرق درخواست فائل کی ہے، ہفتہ وار بیٹوں سے بات کرائی جائے، اخبارات فراہم کئے جائیں اور ذاتی معالج کی اجازت دی جائے۔
بانی پی ٹی آئی نے استدلال کیا کہ ٹرائل کورٹ نے ذاتی معالج سے متعلق کچھ نہیں لکھا، 10 جنوری 2025 کا آرڈر چیلنج کیا ہے۔
دوران سماعت عدالت نے فریقین کو جواب کیلئے نوٹس جاری کر دیے، عدالت نے ہدایت کی کہ جیل نمائندہ آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہو، اس کیساتھ عدالت نے سماعت 23 جنوری تک ملتوی کر دی۔