خیبر پختونخوا حکومت نے صحت انصاف کارڈ میں مفت او پی ڈی سروسز بھی شامل کردی ہے یہ اسکیم بطور پائلٹ پراجیکٹ ضلع مردان میں شروع کی جا رہی ہے۔
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صحت انصاف کارڈ میں مفت او پی ڈی سروسز بھی شامل کر دی ہیں، جس کا آغاز پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ضلع مردان میں کیا جا رہا ہے۔ دوسرے مرحلے میں یہ اسکیم چترال، ملاکنڈ اور کوہاٹ تک توسیع دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صحت کارڈ کے تحت او پی ڈی سروسز کا باضابطہ اجرا کر دیا۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں اعلان کیا گیا کہ اس منصوبے سے ضلع مردان کے 50 ہزار مستحق خاندان مستفید ہوں گے۔
اس اسکیم کے تحت او پی ڈی میں مفت ادویات، ٹیسٹ اور دیگر میڈیکل سروسز فراہم کی جائیں گی۔ یہ پائلٹ پروجیکٹ جرمن تنظیم (KfW) کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے، جسے مستقبل میں مزید اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے صحت کارڈ کو پورے صوبے تک توسیع دی اور اب او پی ڈی سروس بھی شامل کر دی ہے۔ پہلے صحت کارڈ کے تحت 70 فیصد علاج پرائیویٹ اسپتالوں میں ہوتا تھا، لیکن اب عوام کو مزید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سینیٹ کمیٹی برائے خزانہ سے انکم ٹیکس ترمیمی بل 2025 منظور
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت مختلف ریجنز میں دل کے امراض کے لیے کارڈیک سیٹلائٹ سینٹرز بھی قائم کر رہی ہے، تاکہ عوام کو جدید طبی سہولیات ان کے اپنے اضلاع میں ہی دستیاب ہوں۔