قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ دوبارہ قومی ٹیم میں جگہ بننے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔
لاہور: پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ انہیں نائب کپتانی کی جو ذمہ داری سونپی گئی ہے، وہ اسے بہترین انداز میں نبھانے کی کوشش کریں گے۔
نیوزی لینڈ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے اللہ کا شکر ادا کیا کہ انہیں ایک بار پھر قومی ٹیم میں موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے جو ٹاسک دیا گیا ہے، وہ پوری کوشش کریں گے کہ اس پر پورا اتریں۔
اپنی گفتگو میں شاداب خان نے ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کے جوش و جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اعزاز کی بات ہوتی ہے کہ کوئی کھلاڑی اپنے ملک کی نمائندگی کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی ٹیم کو مثبت نتائج دلانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
پاکستانی آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلی بار سلیکٹ ہوئے ہیں، اور ان سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ یہ کھلاڑی میدان میں شاندار کارکردگی دکھائیں گے۔
دوسری جانب، قومی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے لاہور ایئرپورٹ پہنچ چکی ہے، جہاں سے وہ براستہ دبئی روانہ ہوگی۔ ٹیم کی فلائٹ 3 بجکر 30 منٹ پر شیڈول ہے۔ روانگی سے قبل ٹیم کے کھلاڑیوں نے گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 16 مارچ کو کھیلا جائے گا۔