کوئٹہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران بلوچستان میں امن و امان اور مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کی بلوچستان قیادت بھی موجود تھی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے تمام فریقین کو یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے اور بلوچستان کو ایک پرامن و خوشحال صوبہ بنائیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ ملک میں چینی کی مطلوبہ مقدار دستیاب ہے، جبکہ قیمتوں میں اضافہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی وجہ سے ہو رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ چینی کی برآمد سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں حقیقت کے برخلاف ہیں اور ان کا مقصد عوام میں بے یقینی پیدا کرنا ہے۔