اسلام آباد،حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا یہ کہنا ہے کہ دنیا بھارت سے پوچھے کس بات کی جشن آزادی منا رہا ہے۔
بھارت کے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں حریت رہنما یاسین ملک کی زوجہ مشعال ملک کا یہ کہنا تھا کہ آج بھارت اپنی آزادی کا جشن منا رہا ہے، بھارت گزشتہ 77 سال سے کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے اور اس معاملے میں کشمیریوں کو آزادی کا حق نہیں دیا جا رہا۔
مشعال ملک نے کہا کہ ہماری کتنی مائیں اپنے بچوں کو کھو چکی ہیں، دنیا بھارت سے پوچھے کہ وہ کس بنیاد پر آزادی کا جشن منا رہا ہے۔
دوسری جانب بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ وادی میں بھارت کے غیر قانونی قبضے کیخلاف یوم سیاہ منائے جانے کی کال دی تھی جس کے پیش نظر آج مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال اور کاروباری مراکز بند ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کشمیری عوام بھارت کو ایک مضبوط پیغام بھیجیں کہ وہ اس کے قبضے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنا یوم آزادی منانے کا قانونی اور اخلاقی حق کھو چکا ہے۔