کراچی، منظور کالونی کے گھر میں آتشزدگی کا واقعہ گھر کے مالک کی خود سوزی کا نتیجہ نکلا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ گھر کے مالک نے حالات سے دلبرداشتہ ہو کر خود کو آگ لگائی جس سے گھر کو بھی نقصان پہنچا۔
ایس ایچ او بلوچ کالونی مظہر کانگو کا بتانا ہے کہ منظور کالونی میں عیدگاہ چوک پر گزشتہ روز گھر میں اگ لگنے سے 67 سالہ ظفر لئیق جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ 17 سالہ اعظم جھلس کر زخمی ہوا تھا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ حالات واقعات کی جانچ پڑتال کے بعد پتہ چلا کہ ظفر لئیق نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر کیمیکل چھڑک کر مبینہ طور پر خود کو آگ لگائی اور جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ آتشزدگی کے دوران اسے بچانے کی کوشش میں اس کا سوتیلا بیٹا اعظم زخمی ہوا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ اہلخانہ نے بیان دیا ہے کہ ظفر لئیق چھوٹی موٹی سرمایہ کاری کرکے گھر چلا رہا تھا لیکن کئی ماہ سے مالی حالات خراب ہوگئے تھے جس کی بنا پر گزشتہ 10 ماہ سے انہوں نے گھر کا کرایہ بھی ادا نہیں کیا تھا اور پھر بجلی کا بل ایک لاکھ 75 ہزار روپے آگیا۔
چچا نے بھتیجی کو نوجوان سمیت موت کے گھاٹ اتاردیا
پولیس کا بتانا ہے کہ گھریلو حالات خراب ہونے کی وجہ سے راشن لانے میں بھی مشکل پیش آرہی تھی، واقعے کے روز خاتون نے شوہر سے پکانے کیلئے سودا سلف لانے کا کہا تو دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی اور ظفر نے کمرہ بند کرلیا، کچھ دیر بعد کمرے سے آگ محسوس ہوئی، دروازہ توڑ کر دیکھا تو ظفر جل چکا تھا۔
بیوہ خاتون کا بتانا ہے کہ سوتیلے باپ کو بچانے کے لیے 17 سالہ اعظم نے کوشش کی تو زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق میت لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے جبکہ واقعہ کی چھان بین کر رہے ہیں۔