وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت اور ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی ہدایات پر پرائس کنٹرول کے سخت اقدامات جاری ہیں۔
کھاریاں: وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت اور ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی ہدایات پر پرائس کنٹرول کے سخت اقدامات جاری ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گونال نے مختلف بازاروں کا دورہ کر کے اشیائے خور و نوش کے نرخوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران کئی دکانداروں کو سرکاری نرخنامے سے زائد قیمتوں پر اشیاء فروخت کرتے ہوئے پایا گیا، جس پر سخت کارروائی کرتے ہوئے متعدد فروٹ و سبزی فروشوں اور دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے واضح ہدایات دیں کہ ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔
انہوں نے بازار میں صفائی کی صورتحال اور ناپ تول کے نظام کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ عوام کو معیاری اور مناسب قیمت پر اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول مہم کے تحت روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔