واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے سے امریکی معیشت کو فائدہ ہوگا اور اربوں ڈالر کی بچت ممکن ہوگی، انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی صدارت کے دوران مشرق وسطیٰ میں کوئی بڑا تنازع نہیں تھا، اور اب بھی عالمی مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ یوکرین سے توانائی کے شعبے میں بات چیت ہو رہی ہے، نایاب معدنیات کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی، جبکہ گرین لینڈ کو امریکی سلامتی کے حوالے سے اہمیت حاصل ہے، مستقبل میں کئی ممالک کے ساتھ ابراہم معاہدے کیے جائیں گے۔
دوسری جانب امریکا نے 5 لاکھ سے زائد غیر ملکی تارکین وطن کی قانونی حیثیت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک بدری کی وسیع ترین مہم چلانے اور بالخصوص لاطینی امریکی ممالک سے آنے والے مہاجرین پر قابو پانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔