ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایات پر چرچز اور دیگر عبادت گاہوں پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات، سینئر افسران فیلڈ میں موجود، ایلیٹ فورس گشت پر مامور۔
جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایات پر شہر بھر میں چرچز اور دیگر اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پولیس افسران چاق و چوبند انداز میں عبادت گاہوں کے باہر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں اور آنے والے افراد کو مکمل چیکنگ کے بعد اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی اقدامات کے تحت واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، بیریئرز اور چھتوں پر سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنایا گیا ہے، جبکہ سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود ہو کر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں اور متعلقہ اہلکاروں کو بریفنگ دے رہے ہیں۔
محافظ اسکواڈ، ایلیٹ فورس اور دیگر خصوصی دستے شہر کے مختلف علاقوں میں مسلسل گشت کر رہے ہیں، جبکہ مشکوک گاڑیوں اور افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جہلم شہر میں امن و امان کا قیام ہماری ذمہ داری اور فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس ہر ممکن حد تک چوکس اور متحرک ہے تاکہ تمام مذہبی اقلیتوں کو اپنے تہوار اور عبادات مکمل تحفظ کے ساتھ ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔