روشن جہلم، روشن پنجاب: ڈی سی جہلم کا شہر بھر کو جدید لائٹس سے منور کرنے کا عزم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ کے وژن کے تحت ضلع جہلم میں شہری سہولیات اور خوبصورتی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی قیادت میں شہر بھر کو جدید اور توانائی بچانے والی لائٹس سے منور کرنے کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے، جس کے باعث جہلم ایک روشن اور جدید شہر کا روپ دھارتا جا رہا ہے۔

latest urdu news

اس منصوبے کے تحت جہلم شہر کی مرکزی شاہراہوں، اہم چوکوں اور نمایاں عوامی مقامات پر جدید ایل ای ڈی لائٹس نصب کر دی گئی ہیں۔ نئی لائٹس کی تنصیب سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے بلکہ رات کے وقت ٹریفک کی روانی بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سیکیورٹی میں بھی بہتری آئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا وژن ہے کہ صوبے کے تمام شہروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے تاکہ عوام کو محفوظ، صاف اور روشن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جہلم کو ایک ماڈل شہر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ دن رات کوشاں ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے میں جدید ایل ای ڈی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جو بجلی کی بچت کے ساتھ ساتھ ماحول دوست بھی ہے۔ آئندہ مرحلے میں شہر کے دیگر علاقوں، رہائشی سڑکوں اور داخلی راستوں کو بھی اسی طرز پر روشن کرنے کا منصوبہ ترتیب دیا جا رہا ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ روشن سڑکوں اور چوکوں سے نہ صرف شہر کا حسن بڑھا ہے بلکہ عوام کو آمد و رفت میں بھی آسانی میسر آئی ہے۔ عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے فلاحی اور ترقیاتی منصوبے جاری رکھیں گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter