جہلم: ریسکیو 1122 جہلم نے ماہ جون 2026 کے دوران مجموعی طور پر 4 ہزار 769 افراد کو بروقت امدادی خدمات فراہم کیں، جبکہ 1 ہزار 595 مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ یہ اعداد و شمار ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا کی زیر صدارت ہونے والے ماہانہ کارکردگی جائزہ اجلاس میں جاری کیے گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جون کے دوران ہیلپ لائن 1122 پر 7 ہزار 608 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 3 ہزار 168 ایمرجنسی کالز پر فوری کارروائی کی گئی۔ ان ایمرجنسیز میں 395 روڈ ٹریفک حادثات، 2 ہزار 161 میڈیکل ایمرجنسیز، 59 آتشزدگی کے واقعات، 39 کرائم کیسز، 2 ڈوبنے کے واقعات اور 512 دیگر ہنگامی صورتحال شامل تھیں۔
اعداد و شمار کے مطابق روڈ ٹریفک حادثات میں 477 افراد زخمی جبکہ 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو 1122 نے ان تمام واقعات پر اوسطاً 7.6 منٹ کے رسپانس ٹائم کے ساتھ امدادی کارروائیاں انجام دیں۔
کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے تحت ریسکیو 1122 نے ضلع بھر کی بلند عمارتوں کا فائر سیفٹی سروے کیا، مختلف مقامات پر فرضی مشقیں کرائیں اور تعلیمی اداروں سمیت مختلف تنظیموں میں فرسٹ ایڈ اور فائر سیفٹی کی تربیت بھی فراہم کی۔ اس کے علاوہ یونین کونسل کی سطح پر کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کی تشکیل اور اسکاؤٹس کے لیے کیڈر ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
سوہاوہ: خالی پلاٹ سے نومولود بچی برآمد، ریسکیو 1122 نے محفوظ کر لیا
ریسکیو 1122 نے پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت ضلع جہلم سے 153 مریضوں کو بہتر علاج کی غرض سے راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا نے ریسکیورز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہے اور شہریوں کو بروقت اور مؤثر امدادی خدمات کی فراہمی اس کی اولین ترجیح ہے۔
