جہلم: ضلعی انتظامیہ جہلم کے زیر اہتمام پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس میں “معرکہ حق” کے حوالے سے ایک اہم سیمینار منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ میں قومی شعور اجاگر کرنا، معرکۂ حق کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور نوجوان نسل کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کو فروغ دینا تھا۔
سیمینار میں معرکہ حق کی تاریخی، قومی اور دفاعی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ قومی معاملات کو بہتر انداز میں سمجھتے ہوئے مثبت سوچ، شعور اور ذمہ دارانہ رویہ اپنائیں تاکہ معاشرتی اور قومی سطح پر مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق نے قومی یکجہتی، ریاستی عزم اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اس اہم قومی موضوع سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ملک کی ترقی، استحکام اور قومی خدمت میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف، ڈی ای او سیکنڈری محمد شہزاد، ڈی ای او لٹریسی میمونہ انجم، معروف سماجی شخصیت ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیاء اور پروفیسر شریف ساجد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب: معرکہ حق میں دنیا نے پاکستان کی جنگی صلاحیتیں دیکھیں، وزیراعظم
شرکاء نے معرکۂ حق پر مبنی اس علمی و فکری نشست کو سراہتے ہوئے اسے نوجوان نسل میں قومی شعور بیدار کرنے کے لیے ایک مثبت اور مؤثر اقدام قرار دیا۔
سیمینار کے اختتام پر طلبہ کو سوالات کرنے اور اظہارِ خیال کا موقع بھی فراہم کیا گیا، جس سے ان کی دلچسپی اور اعتماد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس موقع پر سماجی شخصیت ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیاء کی جانب سے طلبہ میں ثقافتی لباس بھی تقسیم کیے گئے۔
تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل کو قومی تاریخ، قربانیوں اور اہم قومی معاملات سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ایک باشعور اور ذمہ دار معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
