جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم سنیہ صافی کی زیر صدارت ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں زراعت کی ترقی، گندم کی خریداری، ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات اور کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شمس عباس، صدر کسان بورڈ پاکستان ضلع جہلم چوہدری مسرت نواز دھمیال، محکمہ زراعت کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں گندم کی خریداری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری مہم کو مزید فعال بنایا جائے تاکہ کسانوں کو ان کی فصل کا مناسب معاوضہ مل سکے۔
انہوں نے کھاد، بیج اور دیگر زرعی مداخل کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
کسانوں سے 3500 روپے فی من گندم خریدنے کا فیصلہ ۔مریم نواز کا اعلان
سنیہ صافی نے محکمہ زراعت کے افسران پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں جا کر کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی اور بہتر کاشتکاری کے طریقوں سے آگاہ کریں تاکہ فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ زرعی ادویات اور کھاد کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹولرنس پالیسی اپنائی جائے گی جبکہ کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
