ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے پولیس لائنز جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی پی او جہلم نے پولیس لائنز میں مختلف دفاتر، کوارٹر گارڈ، وردی گودام اور لائن ایریا کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈی پی او جہلم نے موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر پولیس لائنز اور حساس مقامات پر سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کیں اور گارڈ تعیناتی، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی اور ڈیوٹی روسٹر کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے پولیس لائنز میں صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، تاکہ اہلکاروں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ بہترین نظم و ضبط اور تربیت کا اعلیٰ معیار ہی اچھے پولیس افسران اور جوانوں کی ضمانت ہے، پولیس فورس کو ہر وقت الرٹ، پیشہ ورانہ مہارت اور عوام دوست رویہ برقرار رکھنا ہوگا۔
