جہلم: حکومت پنجاب کے حالیہ نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلع بھر میں ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اور پیرا فورس کے جوان فیلڈ میں متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز نے دکانوں، مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کا معائنہ شروع کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے تحت رات 8:00 بجے دکانیں بند کروانے اور 10:00 بجے ہوٹلز و شادی ہالز کی بندش یقینی بنانے کے لیے پیرا فورس کے دستے بھی ضلعی ٹیموں کے ہمراہ گشت کر رہے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پیرا فورس کی خدمات تجاوزات کے خاتمے، گراں فروشی کی روک تھام اور اب حکومتی ضوابط کے نفاذ کے لیے بھی حاصل کی گئی ہیں تاکہ قانون پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
ضلع جہلم میں بھٹہ مالکان نے اینٹوں کے من مانے نرخ مقرر کر لئے
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے واضح کیا ہے کہ توانائی کے تحفظ اور کفایت شعاری مہم کے قومی مقصد کے حصول کے لیے کسی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہ کر پیرا فورس کے تعاون سے نوٹیفکیشن پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنائیں، تاکہ شہریوں میں نظم و ضبط اور قانون کی پاسداری کا شعور اجاگر ہو سکے۔
