جہلم: گراں فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس، ڈی سی میر رضا اوزگن کی سخت ہدایات

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

latest urdu news

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد اور مجسٹریٹس کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈی سی جہلم نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صرف جرمانے عائد کرنا کافی نہیں، بلکہ سنگین خلاف ورزیوں کی صورت میں گرفتاریوں اور ایف آئی آرز کے اندراج کو یقینی بنایا جائے۔

میر رضا اوزگن نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ وزٹس کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بازاروں اور دکانوں میں سرکاری نرخ ناموں کی نمایاں جگہ پر موجودگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، تاکہ صارفین کو براہ راست ریلیف مل سکے اور ناجائز منافع خوری کا سدباب ہو۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا تفصیلی دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

انہوں نے خبردار کیا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس امر پر بھی زور دیا کہ اگر کسی افسر یا مجسٹریٹ کی جانب سے عوامی مفاد کے تحفظ میں کوتاہی سامنے آئی تو اس کے خلاف بھی تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

ڈی سی جہلم کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ افسران کو اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور بھرپور انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter