جہلم میں محکمہ زراعت توسیع کی جانب سے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے اشتراک سے یونین کونسل داراپور اور گردونواح میں فارمر فیلڈ ڈے، آگاہی سیمینار اور روڈ شو کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کی صدارت اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت مس تحمینہ تاج نے کی جبکہ سیمینار میں مقامی کسانوں، زمینداروں اور زرعی ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مہمانانِ خصوصی نے خطاب میں کہا کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے شروع کی گئی "زیادہ گندم اگاؤ، زیادہ پیداوار بڑھاؤ” مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ کسانوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ تصدیق شدہ بیج استعمال کریں تاکہ 20 فیصد تک زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے، زمین کی بروقت تیاری کریں، متوازن کھادیں خصوصاً فاسفورس کا مناسب استعمال کریں، اور بیج کو بوائی سے قبل فنگس کش ادویات سے ٹریٹ کریں تاکہ بیماریوں سے تحفظ حاصل ہو۔
زراعت آفیسر ابوبکر خلیل اعوان نے کہا کہ بہتر پیداوار کے لیے فی ایکڑ بیج کی مقدار 40 سے 50 کلوگرام رکھنا، جڑی بوٹیوں کا بروقت تدارک اور آبپاشی کے نظام پر توجہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل درآمد سے نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہے بلکہ ملک کی گندم میں خودکفالت کا ہدف بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
زراعت آفیسر داراپور ملک اصغر نے کسانوں کے سوالات کے جوابات دیے اور عملی مظاہرے کے ذریعے بیج ٹریٹمنٹ کا طریقہ بھی دکھایا۔ تقریب کے اختتام پر آگاہی مہم کے سلسلے میں روڈ شو کا انعقاد کیا گیا اور گھر گھر جا کر گندم کی پیداواری منصوبہ بندی کے بروشرز تقسیم کیے گئے۔
شرکاء نے محکمہ زراعت توسیع جہلم کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کے رہنمائی سیمینارز کے تسلسل کی خواہش کا اظہار کیا۔
