ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم جناب طارق عزیز سندھو کی زیرِ صدارت تھانہ دینہ میں ایک اہم کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری کا مقصد عوام کو براہِ راست پولیس حکام تک رسائی فراہم کرنا اور ان کے مسائل فوری طور پر سن کر حل کرنا تھا۔
ڈی پی او جہلم نے شہریوں کی شکایات، تجاویز اور مسائل نہایت توجہ اور تحمل سے سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ تمام درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر میرٹ کے مطابق حل کیا جائے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ پولیس صرف قانون نافذ کرنے والا ادارہ نہیں بلکہ عوام کی خدمت، تحفظ اور اعتماد کی ذمہ دار بھی ہے۔
کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنا اور اعتماد سازی کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں قانون کی بالادستی، بروقت انصاف کی فراہمی اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
