اسلام آباد میں مشہور سوشل میڈیا شخصیت اور ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹ نے گرفتار ملزم عمر حیات پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 20 ستمبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے کی۔ عدالت میں 16 سالہ مقتولہ ثنا یوسف کے قتل کیس میں گرفتار ملزم عمر حیات کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے کارروائی کے دوران ملزم کو چالان کی نقول فراہم کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ چند ہفتے قبل پیش آیا تھا، جب اسلام آباد کے علاقے میں 22 سالہ ملزم عمر حیات نے دوستی سے انکار پر ثنا یوسف کو مبینہ طور پر اس کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو فیصل آباد سے 20 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم عمر حیات نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔ تفتیش کے دوران ملزم کے چند تہلکہ خیز انکشافات بھی سامنے آئے، جن پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس: والدہ اور پھوپھی نے ملزم عمر حیات کی شناخت کرلی
عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد کیس کی باقاعدہ ٹرائل کا آغاز ہوگا، جس پر عوامی اور میڈیا کی خصوصی نظر ہے، کیونکہ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ زیر بحث رہا ہے۔