معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے اپنے مداحوں کو حیران کرتے ہوئے اداکاری کے شعبے میں باقاعدہ انٹری دے دی ہے۔
سامعہ نجی ٹی وی کے حالیہ ڈرامے "دیارِ یار” میں نظر آ رہی ہیں، جہاں وہ اداکارہ ماہ نور حیدر کی دوست کا کردار نبھا رہی ہیں۔ اس ڈرامے میں میکال ذوالفقار، زاویار نعمان اعجاز اور ماہ نور حیدر مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہیں۔
سامعہ حجاب سوشل میڈیا پر پہلے ہی خاصی مقبول تھیں، لیکن ان کا نام اس وقت خبروں کی زینت بنا جب انہوں نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے انکشاف کیا کہ انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے اور ان کے اغوا کی کوشش کی گئی ہے۔ سامعہ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ اس معاملے میں قانونی کارروائی کریں گی اور ذمہ دار شخص کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوں گی۔
تاہم کچھ عرصے بعد انہوں نے اس کیس میں صلح کر لی، اور میڈیا رپورٹس کے مطابق، مبینہ اغوا کار ان کے سابق منگیتر تھے۔ دونوں فریقین نے عدالت سے باہر معاملات طے کر لیے، جس پر سامعہ کو شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اس صورتحال کے بعد انہوں نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ عارضی طور پر غیر فعال کر دیا تھا۔
View this post on Instagram
اب سامعہ حجاب نے اپنے کیریئر کو ایک نیا رخ دیتے ہوئے اداکاری کا آغاز کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کی اسکرین پر پہلی بار آمد پر مختلف قسم کے ردعمل سامنے آئے۔ ایک صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، "یہ تو وہی ٹک ٹاکر ہیں!” جب کہ ایک اور نے تبصرہ کیا، "اوہ، تو اصل خواب تو اداکاری کا تھا!”
سامعہ کی اداکاری سے متعلق ابھی تک ناقدین کی جانب سے کوئی تفصیلی رائے سامنے نہیں آئی، لیکن سوشل میڈیا صارفین کی توجہ انہوں نے ضرور حاصل کر لی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ سامعہ اداکاری کے میدان میں اپنا مستقل مقام بنا پاتی ہیں یا نہیں۔