اداکارہ شائستہ جبیں نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے خاندان کا کوئی فرد شوبز سے وابستہ نہیں اور آج تک خاندان انہیں بطور اداکارہ تسلیم نہیں کرتا، ان کا کہنا ہے کہ معاشرے میں شوبز خواتین کے بارے میں غلط سوچ پائی جاتی ہے۔
لاہور، سینئر اداکارہ شائستہ جبیں نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے خاندان میں کوئی بھی فرد شوبز سے تعلق نہیں رکھتا اور آج تک خاندان انہیں بطور اداکارہ تسلیم نہیں کرتا۔
اداکارہ نے حال ہی میں مقبول ترین مزاحیہ شو مذاق رات میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی اور کیریئر کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
شائستہ جبیں کے مطابق ان کے والد ان کے بچپن میں ہی انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد گھر کی بڑی بیٹی ہونے کے ناطے ان پر ذمہ داریاں عائد ہوئیں اور وہ انہی ذمہ داریوں کو نبھانے میں مصروف رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زمانہ طالب علمی میں کالج کے دورے کے دوران ان کی خوبصورتی دیکھ کر نامور پروڈیوسر یاور حیات نے ڈراموں میں کام کی پیشکش کی لیکن انہوں نے خاندان کی وجہ سے انکار کر دیا۔ شائستہ جبیں کا کہنا تھا کہ وہ اصل میں نیوز کاسٹر بننا چاہتی تھیں مگر حادثاتی طور پر اداکارہ بن گئیں اور بعد ازاں ٹی وی، اسٹیج اور تھیٹر پر بھی کام کیا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ زندگی کی ذمہ داریوں کے باعث انہیں اپنی ذات کا کبھی خیال نہیں آیا اور نہ ہی محبت کے لیے وقت ملا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شوبز میں خواتین کے بارے میں تاثر پایا جاتا ہے کہ وہ آزادی پسند ہوتی ہیں، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
شائستہ جبیں نے مزید کہا کہ ان کے خاندان میں ان سے پہلے یا بعد کسی نے بھی شوبز میں قدم نہیں رکھا اور نہ ہی مستقبل میں ایسا ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندان کے لوگ آج تک انہیں بطور اداکارہ تسلیم نہیں کرتے کیونکہ وہ بہت رجعت پسند ہیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کن رشتہ داروں نے انہیں قبول نہیں کیا۔